بلدیہ غربی نے 5 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کردیا

208

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) چیئرمین بلدیہ غربی اظہار الدین احمد خان نے وائس چیئرمین بلدیہ غربی عزیز اللہ آفریدی اور میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو کے ساتھ بلدیہ غربی کا 5ارب 24 کروڑ 10لاکھ 95 ہزار 586 روپے کا سرپلس بجٹ برائے مالی سال 2019-2020ء پیش کردیا۔ چیئرمین نے اراکین ڈسٹرکٹ کونسل کو بجٹ برائے مالی سال 2019-2020ء کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلیے 2ارب 4کروڑ 70لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جوکہ کل بجٹ کا 39 فیصد ہے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 3ارب 19کروڑ18لاکھ93ہزار270روپے رکھے گئے ہیں جس کا تناسب 61 فیصدہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ذرائع آمدن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہو ں نے بتایا کہ حکومت سندھ سے آکٹرائے ضلع ٹیکس کی مد میں 3ارب 40کروڑ 20لاکھ روپے ،پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 56کروڑ 80لاکھ روپے ،انتظامیہ بلدیہ غربی کے اپنے ذرائع آمدن 26کروڑ36لاکھ 15ہزار حکومت سے متوقع گرانٹ کی مد میں 30کروڑروپے جبکہ OZTکے بقایا جات کی مد میں 70کروڑ روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ ہمارا بجٹ سرپلس ہے تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ اور حکومتی وسائل میں کمی کے باوجود غیر ترقیاتی مصارف پر قابو پانے کی کوشش کی گئی ہے ، چیئرمین نے مختلف شعبہ جات کے تحت ترقیاتی کاموں کیلیے جو رقم مختص کی گئی ہے ان کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔آخر میں چیئرمین نے اجلاس میں شر کت کرنے پرتمام پارلیمانی لیڈرز ،اراکین ڈسٹرکٹ کونسل ، صحافی برادری ،بلدیاتی افسران اور دیگر مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔