ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرون ٹنڈوالہٰیار عبدالحفیظ لغاری کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی کو آرڈینیشن کمیٹی کے ایفیلیٹیشن ایکشن پلان کے سلسلے میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہٰیار عبدالحفیظ لغاری نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے غریب اور غذائی قلت کا شکار لوگوں کی صحت کو بہتر بنانے اور ان میں غذا کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایفیلٹیٹڈ ایکشن پلان کا پروگرام ضلعی سطح پر شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ان کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام غریب لوگوں کی صحت اور ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں ایفیلیشن ایکشن پلان ضلعی سطح پر شروع کیا گیا ہے جبکہ تعلقہ سطح پر بھی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ عبدالحفیظ لغاری نے بتایا کہ اس منصوبے میںمحکمہ صحت کے علاوہ تعلیم، زراعت، جانوروں کی پرورش، فشریز ودیگر محکموں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ان کو ذمے داریاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر اور تعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنران کمیٹیوں کے سربراہ ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرون ٹنڈوالہٰیار نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کی جانب سے کمزور بچوں کو غذائیت سے بھرپور چاکلیٹ دیے جائیں گے اور کمزور حاملہ خواتین کو طاقت کے انجکشن لگائے جائیں گے جبکہ غریب خاندانوں کو بکریاں اور مرغیاں دی جائیں گی تاکہ وہ دودھ اور انڈے کھا سکیں اور ان کی کمزور معاشی حالت بھی بہتر ہوسکے جو کہ ان میں غذائی قلت کا اہم سبب ہے جبکہ ساتھ ساتھ مچھلی کے سرکاری تالابوں کی مچھلی بھی انہیں فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے کہا کہ غذائیت کی کمی کی وجہ سے ہی جسمانی مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے اور بیماریاں جلد حملہ آور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے سلسلے میں ہر محکمہ اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے گا۔