مقبوضہ کشمیر ‘4نوجوانوں کی شہادت پر دوسر ے روز بھی ہڑتال 

465

سرینگر(اے پی پی)بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں4 نوجوانوں کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں آج دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے لوگ جوق در جوق شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھروں میں جار ہے ہیں۔ یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے ہفتے کے روز نوجوانوں مزمل نبی ڈار، وسیم اکرم وانی ،مزمل نذیر بٹ اور حارث کو ضلع پلوامہ کے علاقے راجپورہ میں ہانجن پائیں کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کردیا تھا،دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کا تکبر پر مبنی رویہ اور مسئلہ کشمیر پر اسکی غیر حقیقی سوچ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کا سبب ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارت کے سابق وزیر خزانہ وخارجہ یشونت سنہا کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے احساسات اور جذبات کو نظر انداز کر کے تنازع کشمیر کو ہمیشہ فوجی طاقت کی آنکھ سے دیکھتا رہا ہے ۔ یشونت سنہا نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کے لیے طاقت کا استعمال بھارت کی ریاستی پالیسی ہے اور وہ جموں وکشمیر پر محض فوجی طاقت کے سہارے قابض ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ یشونت سنہا کا یہ بیان کشمیریوں کے اس موقف کی تائید کرتا ہے کہ طاقت کے نشے میں چور بھارت کشمیر کے حقائق تسلیم کرنے میں ناکام رہا ہے۔