راولپنڈی (آئی این پی) خبیر پختونخوا میں 1403کلو میٹر طویل پاک افغان سرحد واقع ہے جس میں سے562 کلو میٹر علاقے میں باڑ نصب کردی گئی ہے اور 700 بنکرز تعمیرکیے گئے‘ پختونخوا میں12ہزار فٹ بلندی پر بھی باڑ لگا دی گئی ہے‘ پوسٹوں پر سولر لائٹس کی تنصیب اور واٹر سپلائی کو یقینی بنایاگیا‘ پاک فوج نے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا‘ پوائنٹ طورخم بس ٹرمینل کا انتظام این ایل سی کے سپرد کردیا گیا‘ افغان سرحد کے قریبی گاؤں کے200 بچوں کو حصول تعلیم کے لیے اسپیشل ریڈیو فریکونسی کارڈجاری کردیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے مراحل مکمل ہونے کے ساتھ ہی پاک افغان سرحد پرغیر قانونی نقل و حرکت اور منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پا لیا گیا ہے‘ جذبہ خیر سگالی کے تحت پاک فوج نے افغان سرحد کے قریبی گاؤں کے 200 بچوں کو حصول تعلیم کے لیے اسپیشل ریڈیو فریکونسی کارڈ جاری کیے ہیں جو تعلیم حاصل کر نے کے بعد سہ پہر افغانستان واپس روانہ ہو جاتے ہیں۔ پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے ساتھ ساتھ دور تک کوریج کے حامل کیمروں کی تنصیب سولر لائٹس موشن ڈیٹیکشن ڈیوائس کے ساتھ کی گئی‘ باڑ کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں کے گشت کے لیے ٹریک بھی بنایا گیا ہے۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے میں 562 کلومیٹر کے علاقہ میں باڑ کی تنصیب 700 بنکرز کی تعمیر کی گئی ہے‘ 3 ہزار سے 12ہزار فٹ بلندی تک پاک افغان سرحدکی زیرو لائن پر باڑ کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا‘ پاک افغان سرحد پر تمام بنکروں اور چیک پوسٹوں کو آپس میں منسلک ہیں‘ بنکروں اور پوسٹوں پر سولر لائٹس واٹر سپلائی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ پاک افغان سرحد پر آمد و رفت کے لیے سب سے مصروف ترین پوائنٹ طور خم بس ٹرمینل ہے جہاں پر مجموعی طور پر ٹرمینل کے آپریٹنگ فرائض این ایل سی کو دیے گئے ہیں‘ پاک افغان سرحد کے اس آمد و رفت کے پوائنٹ پر یومیہ 10تا 12ہزار افراد اور1200سے زاید ٹرکوں کی آمد و رفت ہو رہی ہے‘ سیکورٹی کے سخت اقدامات کی بدولت کسی کا بغیر سفری دستاویزات کے داخلہ ممکن نہیں۔