کشمیر میں داعش کا وجود نہیں مسجد میں جھنڈا لہرانے والے بھارتی ایجنڈ تھے،متحدہ جہاد کونسل

396

مظفرآباد(صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیر نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں داعش کا کوئی وجود ہی نہیں ۔جامع مسجد میں داعش کا جھنڈا لہرانے اور مسجد کی توہین کرنے والے بھارتی ایجنسیوں کے ایجنٹ تھے ۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ترجمان سید صداقت حسین نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں داعش تنظیم کا کوئی وجود نہیں ہے اور حریت پسند کشمیری عوام پہلے دن سے ہی اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ بھارتی ایجنسیوں کے ایجنٹ اس تنظیم کا نا م استعمال کر کے تحریک آزادی کشمیر کو بدنام اور منقسم کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ داعش کے سیاہ کارنامے امت مسلمہ عراق ،شام ، لیبیا اور افغا نستان میں دیکھ چکی ہے، جہاں سامراجی طاقتوں کے اشاروں پر پانی کی طرح مسلمانوں کا لہو بہایا گیا ۔تاریخی جامع مسجد سری نگر کونہ صرف دعوت و تبلیغ کا مرکز تصور کیا جاتا ہے بلکہ 1931ء سے ہی یہ تحریک آزادی کشمیر کے ایک اہم مر کز کی حیثیت سے متبرک مقام کی حامل مسجد ہے۔ حریت پسند عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایسے افراد پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں بے نقاب کرنے میں اپنا بھرپور کر دار ادا کریں ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جامع مسجد سری نگر کی ان ایجنٹوں کے ہاتھوں توہین ناقابل قبول ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔تحریک آزادی کشمیر کو ایسے ناپاک حربوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا ۔