سینئرکرکٹر ملک شاہد شبیر لاہور میں انتقال کر گئے

242

ملک شاہد بشیر

ملک شاہد شبیر لاہور میں انتقال کر گئے۔ سینئر کرکٹر گزشتہ 45 برس سے سعودی عرب میں مقیم اور ایک ادارے میں مارکیٹنگ و سیلز منیجر کے عہدے پر فائز تھے۔ ان کے صاحبزادے تیمور ملک نے دعا کی اپیل کی ہے۔ شاہد شبیر کا شمار جدہ کے بہترین کرکٹرز اور آرگنائزر میں ہوتا ہے۔ 80ء کی دہائی میں جدہ کرکٹ لیگ (جے سی ایل) نے جدہ میں منظم کرکٹ کا آغاز کیا تو ملک شاہد شبیر نے پاک ینگ کے نام سے ایک کلب کی بنیاد رکھی جس نے بعد ازاں ینگ ایتھلیٹس کے نام سے شہرت پائی اور آج کئی برس گزرنے کے باوجود کرکٹ کے حلقوں میں یہ کلب پہچانا جاتا ہے۔
مرنجاں مرنج ، ملنسار اور نیک دل شخصیت کے حامل شاہد شبیر نے کاروبار اور کرکٹ کے ساتھ انسانیت کی بھلائی کے کاموں میں ہمیشہ دلچسپی ظاہر کی۔ سینئر صحافی سید مسرت خلیل نے ایک یادگار ملاقات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہد شبیر سے کچھ دن قبل ہی جے سی اے کے سابق ایگزیکٹو سیکرٹری محمد اقبال چودھری مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں وہ نہایت ہشاش بشاش اور تندرست و توانا لگ رہے تھے۔ اس دوران ان سے ماضی اور جدہ کی وجودہ کرکٹ کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملک شاہد شبیر 31 مئی 1957ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں لاہور میں سپرد خاک کیا گیا۔