جیکب آباد ،بجلی ،گیس اور پانی کی عدم فراہمی قابل مذمت ہے ،جے یو آئی

282

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی کی مجلس عاملہ کا اجلاس، بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، پینے کے پانی کی قلت، امن و امان کی خراب صورتحال، گندگی سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر احتجاج۔ جمعیت علمائے اسلام تعلقہ جیکب آباد کی مجلس عاملہ کا اجلاس صدر مولانا عبدالجبار رند کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں جے یو آئی کے ضلع صدر ڈاکٹر اے جی انصاری مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میں شہر کے بنیادی مسائل سمیت تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر جے یو آئی کے رہنماؤں نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ اجلاس میں پینے کے پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ اس جدید دور میں بھی شہری پینے کے میٹھے اور صاف پانی سے محروم ہیں، پانی اسکیم پر اربوں روپے خرچ کیے گئے مگر اس کے باوجود شہری پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر کہا کہ جرائم پر کنٹرول کرنے میں پولیس ناکام ہوچکی ہے شہر میں امن و امان قائم کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، اجلاس میں رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہر میں گندگی کا عذاب ہے بلدیہ حکام صفائی پر کوئی توجہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے شہر کی گلیاں اور محلے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکی ہیں، اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ شہر کے بنیادی مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔ اجلاس میں ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا عبدالجبار رند، مولانا عابد ابڑو، حافظ عبدالغفار جکھرانی، بقا محمد چھجن، چاکر خان جکھرانی، نور خان اور دیگر نے شرکت کی۔