عام آدمی کی سہولیات کیلیے اربوں کے منصوبے مکمل کردیے، شہباز شریف

554

لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساڑھے 4 برس کے دوران عوام کو سہولیات دینے کے لیے اربوں روپے کے بڑے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اور اربوں روپے کے بڑے منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے، ترقیاتی منصوبوں کا محور عام آدمی ہے، ہمارے منصوبوں کے باعث عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور عوام کی زندگیوں میں سہولت آئی ہے۔ ہفتے کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ روانگی سے قبل وڈیولنک کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر منصوبے کے انٹرنل آڈٹ کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا ہے اور اس میکانزم کے باعث فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پنجاب حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے آڈٹ کا ایسا مؤثر نظام وضع کیا ہے جس کی وجہ سے منصوبے شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی جانب موڑا ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں جوکہ جنوبی پنجاب کی آبادی کے تناسب سے 10 فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر منصوبہ شفاف اور عوامی خدمت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 6 ماہ کے دوران عوام کی ترقی اور خوشحالی کو پہلے کی طرح مقدم رکھتے ہوئے مزید محنت سے کام کرنا ہے۔ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دن رات ایک کردیں گے۔