نواز شریف سیاست چھوڑ کر جلاوطنی اختیار کرسکتے ہیں‘ برطانوی ذرائع ابلاغ

695

لندن/اسلام آباد /لاہور(آن لائن+آئی این پی )برطانوی جریدے نے دعویٰ کیاہے کہ میاں نواز شریف ایک بار پھر ترکِ سیاست کر کے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر سکتے ہیں۔گزشتہ روز برطانوی جریدے دی ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں نواز شریف پر دباؤ ڈال کر شہباز شریف کو جانشین نامزد کرانا اسی سلسلے کی کڑی ہے لیکن سعودی عرب میں جاری سیاسی سرگرمیوں سے ایسی معلومات سامنے آ رہی ہیں کہ اب معاملات طے ہو سکتے ہیں اور معاملات طے ہونے کے بعد نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر کے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کر سکتے ہیں۔ برطانوی جریدے نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ میاں نواز شریف سیاست چھوڑنے کی حامی بھر چکے ہیں اور یہ کہ میاں نواز شریف نے دباؤ میں آکر شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا۔ واضح رہے کہ میاں شہباز شریف اور میاں نواز شریف سعودی عرب میں ہیں۔ میاں شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ میاں نواز شریف جدہ پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کے قریبی دوست گزشتہ15دن سے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی سعودی عرب میں ہیں۔ برطانوی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں نواز شریف کرپشن مقدمات پر ڈیل کر کے سیاست چھوڑنے کی حامی بھر چکے ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ جلا وطنی منتخب نمائندوں کا نہیں بلکہ آمروں کا مقدر بنے گی۔ نواز شریف کی جلا وطنی کے حوالے سے برطانوی جریدے کی خبر پر اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ جلا وطنی عوام کے منتخب نمائندوں کا مقدر نہیں بلکہ آمروں کا مقدر بنے گی عوام دیکھیں گے کہ آئندہ 2018ء کے انتخابات میں شیر ایک بار پھردھاڑے گا اور حکومت ن لیگ کی بنے گی جبکہ ن لیگ کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ برطانوی جریدے کی رپورٹ کسی کی خواہش ہوسکتی ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔