کراچی(اسٹاف رپورٹر) مومن آباد تھانے کی چاردیواری میں نوتعمیر شدہ پیرآباد تھانے کی چھت کا ایک حصہ گرجانے کا معاملہ دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، ورکس ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق ناقص تعمیرات کے باعث پیرآباد تھانے کی چھت میں کئی مقامات پر جھول آگئے تھے اور وہ ٹیڑھی ہوگئی تھی اور اس میں دراڑیں نظر آرہی تھیں جس کا نوٹس سندھ حکومت کے محکمہ ورکس نے لیا مگر اس معاملے پر اچانک خاموشی اختیار کرلی گئی اور ٹھیکیدار کی بات مانتے ہوئے اسے ناقص تعمیرات کی لیپا پوتی کا ٹاسک دے گیاہے اور اس نے تیزی سے پلستر کرکے تعمیر کے عیب چھپانے کی کوشش شروع کردی ہے۔ ذرائع کا
کہناہے کہ پیرآباد تھانے کی تعمیر کا پچیس ملین (ڈھائی کروڑ)روپے ٹھیکہ اپریل میں دیا گیاتھا اور اس کی تکمیل کی مدت دوسال مقرر کی گئی ہے لیکن کروڑوں روپے سے تعمیر ہونے والی پیرآباد تھانے کی عمارت میں ناقص میٹریل استعمال کرنے کی شکایات سامنے آئی تھیں اور بالآخر اس کا نتیجہ یہ نکلاکہ پہلے چھت ٹیڑھی ہوئی اور پھر اس کا چھجہ گرگیا ذرائع کا کہناہے کہ اب ناقص تعمیرات کو توڑ کر دوبارہ کرنے کے بجائے نمائشی بھرائی کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد کے مطابق تعمیرات کے دوران کوئی حادثہ ہونے کی صورت میں انکوائری کرائی جاتی ہے تاہم اس معاملے کی کوئی انکوائری نہیں ہوئی متعلقہ سپرینٹنڈنگ انجینئر فاروق غفار نے ایک روز قبل سائٹ کا معائنہ بھی کیا اس سلسلے میں جب فاروق غفار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہناتھاکہ پیرآباد تھانے کی تعمیر میں کوئی نقائص نہیں ہیں مگر جب انہیں بتایا گیا نقائص دور کرنے کی جو کوششیں کی جارہی اس کی وڈیو انہیں واٹس ایپ کی جاسکتی ہے انہوں نے کہاکہ پیر آباد تھانے کی تعمیر کاکام ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس لیے وہ اس پر کوئی بات نہیں کرسکتے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم بھی نہیں ہے کہ یہ معاملہ کس کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ورکس ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق یہ علاقہ فاروق غفار کے دائرہ اختیار میں ہی ہے ۔