اداروں کے درمیان ٹکراؤ خطرناک کھیل ہوگا‘ممتاز حسین سہتو

381

کرا چی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ خطرناک کھیل ہوگا،ملک کسی این آر او کا متحمل نہیں ہوسکتا،بعض لیگی وزراء کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے جمہوریت کی گاڑی کو حادثہ پیش آسکتا ہے، کرپشن اور احتسابی عمل سے راہ فرار اختیار کرنے کیلیے عدلیہ وفوج سمیت قومی اداروں پر تنقید افسوس ناک ہے جس سے لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ کرپشن اور دہشتگردی کے شیطانی گٹھ جوڑ کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے، جماعت اسلامی ملک سے کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ
قیادت سے نجات حاصل کرنے تک جدوجہد جاری رکھے گی، عدلیہ وعسکری ادارے ملکی سالمیت اور معاشی ترقی کیلیے کرپشن میں ملوث لوگوں کو اپنے عبرت ناک انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ممتاز سہتو نے کہا کہ مالی ونظریاتی کرپشن اوراقرباپروری کی پالیسیوں نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، امیر وغریب کیلئے الگ الگ قانون ہونے کی وجہ سے طاقت ورکرپٹ لوگ احتسابی عمل کے شکنجے سے نکل جاتے ہیں ۔انہوں نے زور دیا کہ عدالت اعظمیٰ نواز شریف سمیت پاناما لیکس میں شامل تمام افراد کیخلاف تحقیقات کرکے کارروائی کرے۔