واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی شہر شکاگو میں امریکی مسلمانوں کی ایک نمائندہ کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں امریکا میں مسلمان برادری کے مسائل بھی زیربحث آئے۔ کانفرنس کا اہتمام امریکن اسلامک آرگنائزیشن اور شمالی امریکا میں اسلامک سرکل کی جانب سے کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں مقررین نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال بالخصوص بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے امریکی فیصلے کے مضمرات پر خطاب کیا۔ 3 روز تک جاری رہنے والی یہ کانفرنس امریکا میں مسلمانوں کا سب سے بڑا اجتماع سمجھا جاتا ہے۔ کانفرنس میں امریکا میں مسلمانوں کے مذہبی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی حقوق زیر بحث ہیں۔ کانفرنس میں مسلمان مقررین نے امریکی صدر کے عالم اسلام کے خلاف اقدامات، مسلمان ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر پابندیاں اور امریکی صدر کے نفرت انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔