نیلسن:نیوزی لینڈ نے تیسرا ون ڈے جیت کر کلین سویپ مکمل کرلیا

608

نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی، کیویز نے 237 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیلسن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، بنگال ٹائیگرز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ تمیم اقبال 59 جبکہ امرالقیس اور نورالحسن 44 ، 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صابر رحمان 19 ، محمد اللہ 3 ، شکیب الحسن 18 ، مصدق حسین 11 ، تنبیر حیدر 3 اور مشرفی مرتضیٰ 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 نیوزی لینڈ کی جانب سےمچل سینٹنر اور میٹ ہینری نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف کین ولیمسن اور نیل بروم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 41.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ولیمسن نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، نیل بروم نے 97 رنز بنائے، بدقسمتی سے وہ تین رنز کے فرق سے مسلسل دوسری سنچری بنانے میں ناکام رہے، جیمز نشیم 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ مصطفض الرحمان نے دو وکٹیں حاصل کیں، کین ولیمسن کو مرد میدان قرار دیا گیا۔