پنجاب ہاؤس جانیوالی کالے شیشوں والی پولیس کی گاڑیوں کوروکدیا گیا

309

اسلام آباد (آئی این پی)عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حکم پر پنجاب ہاؤس کی جانب جانے والی کالے شیشوں والی پولیس کی 2 سرکاری گاڑیوں کو روک لیا گیا ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عدالت عظمیٰ کے ایس پی سیکورٹی کو فوری طور پر طلب کرکے ٹریفک پولیس سے دونوں گاڑیوں کو جرمانے کے ٹکٹ جاری کروائے ، فاضل جج مذکورہ گاڑیوں کو ضبط کرنے کا اصرار کرتے رہے تاہم ایس پی احمد اقبال نے انہیں قائل کیا کہ قانون کے مطابق گاڑیاں ضبط نہیں کی جا سکتیں ۔ جمعہ کومصدقہ ذرائع کے مطابق دوپہر12 بجے کے قریب پنجاب ہاؤس کی طرف جانے والی پولیس کی 2ڈبل ڈور پک اپ
گاڑیوں کو پنجاب ہاؤس اور ججز کالونی کی داخلی پولیس چوکی پر روک لیا گیا اور باضابطہ شناخت کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی ۔ دونوں گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے ایک ایس پی اور اے ایس پی کے زیر استعمال تھیں اور دونوں افسران اپنے سرکاری فرائض کے لیے جا رہے تھے ۔ اسی دوران عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ کا اس پولیس چوکی سے گزر ہوا تو انہوں نے ان گاڑیوں کے شیشوں پر لگے کالے پیپر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود انسپکٹر نذر محمد کو گاڑیوں کا چالان کرنے کاحکم دیا اورعدالت عظمیٰ کے ایس پی سیکورٹی کو اپنی رہائش گاہ پر طلب کیا ۔