اسلام آباد (خبرایجنسیاں)اوگرانے گیس کے نرخوں میں بڑی کمی کردی‘ واپڈا، کے الیکٹرک سمیت بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کے لیے 213 روپے فی ایم ایم بی یو کمی کا اطلاق 15دسمبر
سے ہوگا‘ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے قدرتی گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کی ہے جو اس ماہ کی15 تاریخ سے موثر ہوں گی۔اوگرا کی طرف سے جمعہ کے روزجاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے قدرتی گیس کے کم سے کم نرخ ماہانہ148 روپے 50 پیسے ہوں گے۔100کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے نرخ 110روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ300 کیوبک میٹر گیس خرچ کرنے والے صارفین کے لیے نرخ 220 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوں گے۔300 کیوبک میٹر سے زیادہ گیس استعمال کرنے والوں کے لیے نرخ 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوں گے۔ کمرشل صارفین کے لیے قیمت فروخت 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور کم سے کم ماہانہ نرخ420 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 15 دسمبر 2016 ء سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کے لیے گیس کے ٹیرف میں 213روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کردی گئی ہے‘ واپڈا، کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کے لیے ٹیرف 400روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے جبکہ کپٹیو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگا۔امکان ہے کہ پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں کمی سے بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی جس کا فائدہ جلد عوام تک پہنچے گا۔علاوہ ازیں نیشنل الیکٹرک ریگولیٹر ی اتھارٹی (نیپرا)نے شوگر ملز کی جانب سے پیدا کردہ بجلی کی خریداری کے لیے اپ فرنٹ ٹیرف کی منظوری دے دی‘ نیپرا کی جانب سے شوگر ملز سے بجلی کی خریداری کے لیے7روپے 82 پیسے فی یونٹ کا ٹیرف مقرر کر دیا ‘ ملک بھر میں 24شوگر ملز تقسیم کار کمپنیوں کو 725میگا واٹ بجلی فروخت کر رہی ہیں۔