کراچی ( پ ر) معروف دینی اسکالر مفتی شاہ زیب گل واحد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک دکھی انسانیت کے درد کا سبق سکھاتی ہے ، معاشرے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہوگا اور یہی روزے کا مقصد ہے ، نزول قرآن کی وجہ سے ماہ رمضان کی فضیلت دوسرے مہینوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے ، یہ ماہ تربیت ہے امت اس ماہ مبارک میں روز و شب اللہ کی بندگی میں گزارنے کی مشق کرتے ہیں تاکہ باقی سال اسی طرح گزارسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ سائٹ پٹھان کالونی کے تحت برمکان حاجی بشیر احمد حیدر چالی میں استقبال رمضان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع سائٹ غربی ڈاکٹر نور الحق ،قیم ضلع سائٹ غربی راشد خان، نائب امیر ضلع سید سلطان روم ، ناظم علاقہ عثمان احمد ،معروف سماجی رہنما حاجی بشیر احمد سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان اور اہل محلہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ امیر ضلع ڈاکٹر نورالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی رمضان کے بعد ایک بڑی عوامی تحریک لے کر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف میدان میں ہوگی ۔
، جب تک اشیا ضروریہ ، پیٹرول ، گیس، بجلی کی قیمتیں کم ، آئی پی پیز مافیا سے نجات نہیں ملتی ہماری مزاحمتی تحریک جاری رہے گی ، موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ حکومت نہیں بلکہ ان لوگوں کو فارم 47کے ذریعے عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔