شہدادپور، عظمت قرآن کانفرنس، 39حفاظ اورطلبہ کی دستار بندی

74

شہدادپور(نامہ نگار) شہدادپور میں عظمتِ قرآن کانفرنس، 39 حفاظ اور طلبہ کی دستار بندی۔ تفصیلات کے مطابق مدرسہ عربیہ انوار القرآن میں سالانہ عظمتِ قرآن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں 6 حفاظ قرآن اور 33 ناظرہ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کی دستار بندی کی گئی۔ تقریب میں شہر بھر سے علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے قرآن کریم کی عظمت اور اس پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ مولانا مقبول احمد نے کہا کہ قرآن وہ نور ہے جو دلوں کو منور کرتا ہے اور دنیا و آخرت میں کامیابی کی راہ دکھاتا ہے۔ مولانا ابوبکر فاروقی نے کہا کہ قرآن ہدایت کا سرچشمہ ہے اور اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں۔ مفتی محمد اسلم طاہر نے نصیحت کی کہ قرآن سے جْڑنے والا اللہ کی رحمت سے فیضیاب ہوتا ہے اور اس سے دوری خسارے کا باعث ہے۔ قاری عبدالغفار نے قرآن کو قیامت تک باقی رہنے والا معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر عمل کرنے والا دنیا و آخرت میں سرخرو ہوگا۔تقریب کے منتظم مولانا قاری محمد اسلام راجپوت نے حفاظ اور ناظرہ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ کانفرنس میں شریک تمام مہمانوں کے لیے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔