ایم او یو سائن کرنے کے باوجود پاکستان کے خلاف سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے خلاف کیس دائر کرے گا , پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئر مین شہر یار خان

347

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چےئر مین شہر یار خان نے کہا ہے کہ ایم او یو سائن کرنے کے باوجود پاکستان کے خلاف سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے خلاف کیس دائر کرے گا ۔ آئی سی سی کی حمایت نہ صرف ہمارے ساتھ ہوگی بلکہ آئی سی سی بھی پاکستان کی مدد کریگا ،پی ایس ایل فائنل کی سکیورٹی کے لئے پنجاب حکومت سے بات چیت چل رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پی سی بی کی ایگزیکٹو کونسل کے چےئر مین نجم سیٹھی اور کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی اور میڈیا منیجر راشد رضا بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی بورڈ کے خلاف اب ہر فورم میں آواز اٹھائے گا کیونکہ اس نے 8سیریز کے ایم او یو سائن کرنے کے باوجود پاکستان سے کوئی سیریز نہیں کھیلی ،بھارت سے سیریز نہ ہونے پر پی سی بی کو بھی نقصان ہو رہا ہے ۔ہم بھارتی بورڈ کے خلاف کیس دائر کریں گے اور اسے اس معاہدے سے رو گردانی نہیں کرنے دیں گے اس سلسلے میں آئی سی سی ہمارے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹر باسط علی اور محمود حامد کے جھگڑے کا مجھے علم ہے اور دونوں کو خود بلا کر بات چیت کروں گااس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کرنے کا اختیار مجھے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے سال میں پاکستان میں انٹر نیشنل ٹیموں کی آمد کے دروازے کھلیں گے کئی ٹیموں سے بات چیت ہو رہی ہے تاہم یہ کنفرم ہے کہ نیپال اور یو اے ای کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ کلب کرکٹ کے لئے 7 کروڑ کا بجٹ منظور کیا ہے جس سے پاکستان کی کلب کرکٹ میں انقلاب آجائے گا ۔پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا پی ایس ایل کے فائنل سے متعلق نجم سیٹھی وزیر داخلہ سے رابطے میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جونےئر کرکٹ ٹیم کے کوچ کو تبدیل کیا جائے گا کیونکہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس ٹھیک نہیں ہے جبکہ جونےئر ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے بھی کئی اعتراضات سامنے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کا دکھ ہے تاہم امید ہے کہ قومی ٹیم سڈنی میں کم بیک کر ے گی،ون ڈے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا تاہم اس میں بھی مجھے کامیابی کی گنجائش نظر نہیں آتی ،ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی اور مصباح الحق کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہوگا پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے مین خود کوئی قدم نہیں اٹھائے گا ،مصباح الحق پاکستان کے سب سے کامیاب قائد ہیں اور ان کی بہت فتوحات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی کرکٹ اکیڈمی حنیف محمد اور ملتان کی کرکٹ اکیڈمی کو انضمام الحق کے نام سے موسوم کر دیا گیا ہے