اسرائیلی شہرتل ابیب کے جنوب میں3بسوں میں خوفناک دھماکے

110

غزہ /تل ابیب/بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی شہر تل ابیب کے جنوبی علاقے بات یام میں خالی بسوں میں دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں بسیں جل کر راکھ ہوگئیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بسوں میں دھماکے گزشتہ رات ہوئے اور بسیں خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پھٹنے والے مواد ایک جیسے ٹائم بم تھے، اگر نامعلوم افرادنے ان بموں کو غلط ٹائم پر سیٹ کیا ہے تو واقعی ہم خوش قسمت ہیں۔ اسرائیلی حکام نے بتایا کہ مزید 2 بسوں میں لگائے گئے بم پھٹ نہ سکے جب کہ پولیس نے شہر میں مزید بم نصب ہونے کے پیش نظر سیکورٹی سخت کردی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے بسوں میں ہونے والے دھماکوں کے بعد فلسطین کے مغربی کنارے میں آپریشن کرنے کا حکم جاری کردیا۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت آج رہا ہونے والے اسرائیلی یر غمالیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج رہا کیے جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں میں ایلیاکوہن، عمر شیم توف، عومر ونکرت اور تال شوہام شامل ہیں۔ عرب میڈیا نے فلسطینی قیدیوں کی تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 6 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے 602 فلسطینی قیدی رہا کیے جائیں۔عرب میڈیا کے مطابق رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں عمر قید کے 50 قیدی اور طویل سزائیں کاٹنے والے 60 قیدی شامل ہوں گے۔ حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین 23 فروری کو بیروت میں کی جائے گی۔سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم کے مطابق حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کی نمازِ جنازہ بڑے اجتماع میں ہو گی، پاکستانی وقت کے مطابق جنازے کا اجتماع شام 4 بجے بیروت سپورٹس اسٹیڈیم میں ہو گا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اجتماع سے حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم خطاب کریں گے، سول ایوی ایشن کے مطابق بیروت ائر پورٹ جنازے اور تدفین کے دن دوپہر 12 سے شام 4 بجے تک بند رہے گا۔