انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوس بٹلر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے تجربہ کار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کا ٹیم پر کوئی خاص اثر نہیں پڑتا، کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف ہر میچ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران جوس بٹلر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اپنے 3 فاسٹ بولرز کو مس کرے گا لیکن وہ اٹیکنگ کرکٹ کھیلتے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
جوس بٹلر نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہونے والی تین ملکی ون ڈے سیریز میں ہائی اسکورنگ میچز دیکھنے کو ملے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز پاکستان میں کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور جو کارکردگی بھارت میں دکھائی گئی تھی اس کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی کنڈیشنز میں فرق ہے، پاکستان ہمیں اچھی ٹریننگ کا موقع ملا، لاہور سے پہلے ابوظبی میں بھی ٹریننگ سیشن کیے۔
انگلینڈ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے چند کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا تجربہ ہے اور ہم پاکستان کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں، لہٰذا ہم میچ کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ گروپ بی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ کل دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔