امریکی خلا بازوں کی واپسی، ایلون مسک نے ایک اور محاذ کھول لیا

221

امریکی ارب پتی آجر اور صدر ٹرمپ کے دستِ راست ایلون مسک کو محاذ کھولنے کا بہت شوق ہے۔

انہوں نے بیورو کریسی کے خلاف محاذ کھولا اور اب خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کے معاملات میں بھی مداخلت کرکے ایک نیا محاذ کھول رہے ہیں۔ ایلون مسک نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پھنسی ہوئی بھارتی نژاد امریکی خلا باز سُنیتا ولیمز اور اُن کے ساتھی بَچ وِلمور کے حوالے سے سابق صدر جوزف بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے سابق کمانڈر آندرے میگنسن نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ کی طرف سے صدر بائیڈن پر تنقید اور سُنیا ولیمز کی ساتھی خلاباز کی واپسی کے معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کا الزام عائد کرکے ایک بڑا تنازع کھڑا کردیا ہے۔ آندرے میگنسن کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ایلون مسک کہہ رہے ہیں وہ محض اُن کا خیال ہے۔ اِس خیال سے کسی کا متفق ہون لازم نہیں۔ ایلون مسک نے اِس کے جوب میں آندرے میگنسن کو احمق قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے سُنیتا ولمز اور بَچ وِلمور کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے واپس لانے کی ذمہ داری ایلون مسک کو سونپی ہے۔ ایلون مسک نے اس حوالے سے کوئی واضح اقدام کرنے سے قبل ہی معاملات کو متنازع فیہ بنانا شروع کردیا ہے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے سابق کمانڈر آندرے میگنسن عرف اینڈی کا تعلق ڈنمارک سے ہے۔

آندے میگنسن نے سُنیتا ولیمز اور بَچ وِلمور کے حوالے سے ایلون مسک کے خیالات کو انتہائی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جان بوجھ کر معاملات کو الجھا رہے ہیں، متنازع فیہ بنارہے ہیں۔ میگنسن کا کہنا ہے کہ ایلون مسک مین اسٹریم میڈیا پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ دیانت کے ساتھ کام نہیں کر رہا اور خود اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کر رہ ہیں۔

اِس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا ہے کہ میگنسن احمق ہیں، اُنہیں معلوم ہی نہیں کہ آخر ہو کیا رہا ہے۔ ایلون مسک کا دعوٰی رہا ہے کہ انہوں نے صدر بائیڈن کو سُنیتا ولیمز کی واپسی کی پیشکش کی تھی مگر وہ نہ مانے۔

آندرے میگنسن کا تعلق یوروپین اسپیس ایجنسی سے ہے۔ وہ دو بار بین الاقوامی خلاف اسٹیشن جاچکے ہیں۔ 2023 میں وہ ایلون مسک کے ادارے اسپیس ایکس کے داغے ہوئے کریو ڈریگن کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن گئے تھے۔