اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کالاجھوٹ ہے،لیاقت بلوچ

12

اسلام آباد / لاہو ر(نمائندگان جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کالا جھوٹ ہے، ارکانِ اسمبلی کو سہولت کاری کے لیے بھتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا، یہ سراسر قومی خزانے کا ظالمانہ ضیاع ہے۔منصورہ میں نوجوانوں کے وفد اور اسلام آباد میں انفاق فی سبیل اللہ ڈونرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کی جوہری طاقت ہیں، پاکستانی نوجوان باہمت، اسلام پسند اور محب وطن ہیں۔ نوجوانوں کی خداداد صلاحیتوں کا بہترین استعمال ملک و
ملت کی بڑی طاقت بن سکتا ہے۔ نوجوانوں کو نمائشی، عارضی اور ریلیف دینے کے بجائے ڈیجیٹل، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ہنر سے آراستہ کیا جائے اور نوجوانوں کو قومی تعمیرنو کے ہر مرحلے میں اعتماد دیا جائے، نوجوان قومی ترقی کا اہم ترین ستون ہیں، جماعت اسلامی ’’بنو قابل’’پروگرام کے تحت 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کے ہنر سے آراستہ کرے گی۔لیاقت بلوچ نے انفاق فی سبیل اللہ ڈونرز کانفرنس کے شرکا سے کہا کہ اقامت دین، آئین، قانون اور آزاد عدلیہ کے نفاذ کے ذریعے 25 کروڑ عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، اسلامی فلاحی رفاہی نظام ہی عوام کے اطمینان کا ذریعہ بنے گا۔ جماعت اسلامی دعوت، تربیت، ذہن و کردار سازی اور عوام کی ہر میدان میں خدمت کے ذریعے اپنا دینی، ملی اور انسانی فریضہ ادا کررہی ہے۔جماعت اسلامی نے پارٹی منشور کے لیے ہمیشہ اپنے کارکنان، ہمدردوں پر انحصار کیا ہے اور فنڈز کو ہر صورت امانت و دیانت کے ساتھ خرچ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مالیات اور آڈٹ کا نظام بہت مضبوط ہے۔ بابرکت اسلامی انقلاب اور سیاسی، سماجی، معاشرتی اصلاح کے لیے مخیر حضرات جماعت اسلامی سے تعاون کریں، پورے ملک میں اضلاع کی سطح پر انفاق فی سبیل اللہ مہم جاری ہے۔لیاقت بلوچ نے نوجوانوں کے ساتھ نشست میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئین، ریاستی نظام کے تمام ضابطوں کی موجودگی کے باوجود عمل نہیں ہورہا، اِس لیے پورا ریاستی نظام فرسودہ، ناکارہ اور ملک و ملت کے لیے بڑا بوجھ بنادیا گیا ہے۔ سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں احتجاجی ہائیڈ پارک بن گئی ہیں۔ارکانِ اسمبلی کو سہولت کاری کے لیے بھتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا، یہ سراسر قومی خزانے کا ظالمانہ ضیاع ہے، سیاسی بحران گمبھیر، عوامی اعتماد زیرو لیول پر آگیا ہے، سیاسی قیادت کو بالغ نظری کا کردار ادا کرنا چاہیے، یہ امر سب پر واضح ہے کہ اشیا ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کالا جھوٹ ہے،تھانے ہی نہیں ہر سرکاری محکمہ کرپشن اور رشوت کے اڈے بن گئے ہیں، پولیس، سرکاری افسران اپنے قومی فرض کی ادائیگی کے بجائے ٹک ٹاکر بن رہے ہیں۔ انصاف کا حصول ناممکن ہے، عدالتوں میں سرعام خرید و فروخت المناک ہے، جماعت اسلامی اِن ہمہ گیر بڑھتی خرابیوں کے مقابلے میں صالح معاشرے کے قیام کے لیے اجتماعی جدوجہد کے ذریعے ملک و ملت کو بحرانوں سے نجات دِلائے گی۔