لوئر کرم میں قافلے پر حملے: 57 دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج

109
registered

پاراچنار: لوئر کرم کے علاقے مندوری اور اوچت میں 17 فروری کو پاراچنار جانے والے قافلے پر ہونے والے حملے میں ملوث 57 دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل اور لوٹ مار کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ایف آئی آر  میں درج ہےکہ ٹل سے پاراچنار جانے والے 63 گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس میں ٹی ٹی پی سے وابستہ 57 دہشت گرد اور دیگر نامعلوم حملہ آور شامل تھے، حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار اور ایک ڈرائیور شہید ہوئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے۔

دہشت گردوں نے ٹرکوں سے سامان لوٹا، 19 گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور 33 گاڑیوں کو ٹل واپس بھیج دیا، جن میں سے بیشتر کو لوٹ لیا گیا تھا، ایف آئی آر میں ملزمان میں کاظم اور دیگر دہشت گرد شامل ہیں جو 21 نومبر کو بھی قافلے پر حملے میں ملوث تھے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مزید کارروائیاں کرنے کےلیے  لوئر کرم کے چار دیہات، اوچت، مندوری، دادکمر اور بگن خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ان علاقوں میں شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور ماسٹر مائنڈز کے سروں کی قیمت مقرر کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور مقامی شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بند شاہراہوں کو کھولا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔