سکھر،گیس کے پریشر میں کمی کے باعث شہری پریشان

337

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر شہر کے گنجا ن آباد رہائشی علاقوں میں مکین سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور گیس کے انتہائی کم پریشر کی شکایت کے باعث سخت مشکلات سے دوچار ہیں، متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والوں اور سیاسی و سماجی تنظیمیں سوئی گیس کے کم پریشر کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، تاہم سوئی گیس حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں میں گیس کے کم پریشر کے باعث گھر میں کھانا پکانے اور ٹھنڈے موسم میں پانی گرم کرنے سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے، طلبہ و اساتذہ اور محنت مزدور ی کرنے والے عام شہری گھروں سے ناشتہ کیے بغیر نکلنے پر مجبور ہیں، لوگ علی الصبح ناشتہ کی خریداری کیلیے ہوٹلوں کا رخ کررہے ہیں، تندوروں پر رش دکھائی دیتا ہے، محکمہ سوئی گیس کی جانب سے موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ اور گیس کا پریشر کم کر دیا ہے۔عوامی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ شکایات کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔