فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے وفد کا ریسرچ سینٹر کادورہ

83

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت)فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے وفد نے ماڈل فارم سندھ ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ٹنڈوجام کا دورہ کیا اور ماہرین سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زراعت کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تفصیلات کے مطابق فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے وفد جس میں ایف اے او کے ہیڈ جولس میکویم (Julius Mucheme) جیمیس اوکوتھ (James Okoth) مس ایملیڈا بیجرینا (Ms. Emelda Berejena)ڈاکٹر اشفاق ناھیوں اور غلام مرتضیٰ آرائیں شامل تھے انھوں نے سندھ ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ٹنڈوجام کا دورہ کیا اس موقع پر زرعی ماہرین نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات زرعی پیداوار پر نمایاں طور پر مرتب ہو رہے ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے جدید اور ماحول دوست زراعت کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے ماہرین کا کہنا تھا کہ سندھ میں بدلتے موسم کے پیش نظر کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقے سکھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی فصلوں کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھتے ہوئے زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کر سکیں۔ ایف اے او کے وفد نے سندھ ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ٹنڈوجام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تجویز دی کہ مقامی کسانوں اور آبادگاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جائے تاکہ وہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔