ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی ٹھٹھہ کی جانب سے شکارپور میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے خلاف ٹھٹھہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت عبدالمجید سموں، عبداللہ آدم گندرو، محرم خاصخیلی، حیدر شورو، مقبول خاصخیلی اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو اغوا کر کے انتظامیہ قانون کی حکمرانی کو چیلنج کر رہے ہیں اور لوگوں کو اغوا کر کے ان سے لاکھوں روپے بٹور رہے ہیں جس کی وجہ سے سندھ میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ شکارپور میں بدامنی کی آگ لگی ہوئی ہے، جماعت اسلامی کی قیادت نے بدامنی کے خلاف آواز اٹھائی ہے، پولیس نے مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کر رکھے ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف بھرپور آپریشن کر کے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں اور ڈاکوؤں کے چنگل سے مغویوں کو بازیاب کرایا جائے۔