سید مودودیؒ کی فکر اسلام کی انقلابی تحریک ہے‘زاہد بخاری،محسن انصاری

95
کراچی: فاران کلب میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے سابق صدور زاہد بخاری اورمحسن انصاری کے اعزاز میں استقبالیہ سے راشد نسیم ،ایچ ایم حنیف، ندیم اقبال ودیگر خطاب کررہے ہیں
کراچی: فاران کلب میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے سابق صدور زاہد بخاری اورمحسن انصاری کے اعزاز میں استقبالیہ سے راشد نسیم ،ایچ ایم حنیف، ندیم اقبال ودیگر خطاب کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر)اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے سابق امرا زاہد بخاری اور ڈاکٹر محسن انصاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کی کامیابیوں کا سہراسید ابوالاعلیٰ مودودی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے سر ہے، دنیا میں جہاں کہیں اسلامی تحریکوں کی قیادت ہے اب اس میں اکثریت اسلامی جمعیت طلبہ یا اسلامی فکر کے حامل نوجوانوں کی ہے۔وہ فاران کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب اور سوالات کے جواب دے رہے تھے ۔ زاہد بخاری نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اکنا اب امریکا کے مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ہے اور اس میں صرف پاکستانی نہیں ساری دنیا کے مسلمان ہیں ،اس سال امریکی انتخابات میں امریکی مسلمانوں کا وزن محسوس کیا گیا ہے اگرچہ یہ بہت واضح نہیں لیکن اس مرتبہ محسوس ضرور کیا گیا، اکنا سے حال ہی میں سبکدوش ہونے والے امیر ڈاکٹر محسن انصاری نے بنگلا دیش کے حالیہ دورے کے حوالے سے بھی گفتگو کی ۔انہوں نے بتایا کہ بنگلا دیش میں حالیہ تبدیلی نہ صرف حیرت انگیز ہے بلکہ ابھی تک بہت سے لوگ حیران ہیں۔ جماعت اسلامی کی پوزیشن کے حوالے سے سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی بنگلا دیش تمام صورتحال سے واقف ہیں اور اس معاملے میں محتاط بھی ہیں اور بہت زیادہ توقعات بھی پیدا نہیں کرنا چاہتے ، وہاں جماعت اسلامی انقلابی نوجوانوں کے ساتھ بھرپور رابطے میں ہیں اور مستقبل کے نقشے میں جماعت اسلامی کی پوزیشن مضبوط ہوگی ۔ڈاکٹر محسن انصاری نے بتایا کہ بنگلادیشی معاشرے میں اسلام پہلے سے زیادہ سرایت کرچکا ہے، خصوصاً پردہ و حجاب بہت زیادہ عام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اکنا میں ینگ مسلمز کی بنیاد ڈالی ہے ،اس طرح نوجوانوں میں تیزی سے اسلام کا پیغام پھیل رہا ہے۔ ہم صرف تعلیمی اداروں میں نہیں بلکہ گھروں اور محلوں کی بنیاد پر کام کررہے ہیں اس کے اچھے نتائج آرہے ہیں، اکنا نے فلاحی خدمات کے میدان میں بھی بہت کام کیا ہے اور اسے اقوام متحدہ کی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔تقریب سے فاران کلب کے جنرل سیکرٹری ندیم اقبال ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ، تقریب میں فاران کلب کے صدر ایچ ایم حنیف، سابق نائب امرا جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، سابق امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی،اسلامک ریسرچ اکیڈمی کے ڈائریکٹر شاہد ہاشمی ، روزنامہ بساط کے مظفر اعجاز ، تاجروں ،سماجی رہنماؤں اور فاران کلب کے ممبرز نے بھی شرکت کی۔