راولپنڈی (اے پی پی)جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 30دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے،کامیاب آپریشن پرصدر اوروزیراعظم کا خراج تحسین ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں انفارمیشن بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا گیا ۔ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 30خوارجی دہشت گرد مارے گئے ۔ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے ۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں کاروائی کے دوران 30دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایوان صدر اور وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق اپنے الگ الگ بیان میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں کامیاب کارروائی کے دوران 30خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔