امن مانگنے والوں پرمقدمات قائم کرنا کھلی فسطائیت ہے

35

میرپورخاص (نمائندہ جسارت)سندھ دھرتی پر امن مانگنے والوں کے خلاف مقدمات پیپلز پارٹی کی کھلی فسطائیت اور سیا سی دہشت گردی ہے۔پیپلز پارٹی سندھ میں ڈاکو راج اور لوٹ مار کی سب سے بڑی سہولت کار ہے۔ سندھ کے اقتدار اور وسائل پر 35 سال سے مسلط پیپلزپارٹی نے کراچی سمیت پورے سندھ کو موئن جوڈارو میں تبدیل کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی فسطائیت کی بدولت جماعت اسلامی کی سندھ میں بے امنی کے خلاف تحریک پیپلزپارٹی کے سندھ میں اقتدار کے خاتمے کی تحریک میں تبدیل ہوسکتی ہے۔جماعت اسلامی سندھ بھر کی عوام کے ساتھ مل کر پوری قوت سے سندھ میں پیپلزپارٹی کے ڈاکو راج اور لوٹ مار کی سیاست کے خلاف تحریک چلائے گی۔سندھ دھرتی سے ڈاکو راج کے خاتمے کامطالبہ کرنے پر ا میر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمات عوامی احتجاج کے جمہوری حق کا گلا گھونٹنے کے برابر ہے۔ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص شکیل احمد فہیم نے شکارپور میں سندھ کے ڈاکو راج کے خلاف عوامی احتجاج کرنے پر امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ سمیت دیگر رہنماؤں پر مقدمات کے خلاف میرپورخاص میں منعقدہ بڑے احتجاجی مظاہرے سیخطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے سیکرٹری نادر خان ،عاصم شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔احتجاج میں کارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کی فسطائیت اور پولیس گردی کیخلاف شدید نعرے لگا رہے تھے مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس پر مختلف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ سندھ دھرتی کے بیٹے پیپلزپارٹی کے جابرانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ سندھ کے پانی سمیت تمام وسائل ومعدنیات کا سودا کرنے اور سندھ میں ڈاکو راج مسلط کرنے پر پیپلزپارٹی کے خلاف جماعت اسلامی کی عوامی تحریک پیپلز پارٹی کے جابرانہ اور ظالمانہ اقتدار کے خاتمے پر منتج ہوگی۔