میرپورخاص(نمائندہ جسارت)متحدہ علما کمیٹی اور تحریک لبیک پاکستان میرپورخاص کی جانب سے ڈاکٹر شاہنواز کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیے گئے چالان کو مسترد کردیا علما کرام کا جلد میرپورخاص میں پورے پاکستان کے علمائے کرام کا اجلاس بلانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں سرہندی ہاؤس میں متحدہ علما و تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ صادق سعیدی،مولانا ہارون معاویہ ،التماس صابر اور دیگر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس ایف آئی اے کی جانب سے حتمی چالان ایک سازش ہے جس میں یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پولیس پیر عمر جان سرہندی کے کہنے اور ان کے حکم پر کام کرتی ہے۔ حافظ صادق سعیدی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہنواز گستاخی میں مرتکب ہوا جس کے بعد پولیس کی جانب سے مقابلہ اور ہلاکت کے بعد واقعے کو غلط رنگ دے کر علما کرام کو شامل کرنے کی کوشش اور سازش کی جارہی ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہارون معاویہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور ایف آئی اے اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے اس کیس کے رخ کو موڑ رہی ہے 295 C کیس میں مرتکب ڈاکٹر شاہ نواز کے اصل جرم پر پردہ ڈال کر کیس کو متنازعہ بنایا جارہا ہے جس کی آج اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے بھرپور مذمت کی ہے۔ اس موقع پر التماس صابر اور جاوید نقشبندی اور دیگر علما کرام کا کہنا تھا کہ ناموس رسولت پر ہماری جانیں قربان ہیں اگر اس کیس کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا گیا تو علما کرام بھرپور مذمت کریں گے۔ تمام علما کرام کو جلد ایک اجلاس میں بلا کر پورے پاکستان کو مدعو کیا جائے گا اور آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔