پیکا ایکٹ آزادی اظہار رائے قدغن کے مترادف ہے،سائرہ بانو

19

سنجھورو(نمائندہ جسارت)پیکا ایکٹ آزادی اظہار رائے پر قدغن ہے دریائے سندھ پر بننے والے 6 کینال سندھ کو بنجر بنادیں گے، سندھ میں 15 سال سے کرپشن عروج پر ہے، سابقہ ممبرقومی اسمبلی جی ڈی اے میڈم سائرہ بانو کی پریس کلب سنجھورو صحافیوں سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق سابقہ ممبر قومی اسمبلی اور گرینڈڈیموکریٹک الائنس GDA کی رہنما میڈم سائرہ بانو وسان نے پریس کلب کی جانب سے دیے گئے عشائیہ کے بعد پریس کلب سنجھور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن، بے روزگاری، سیاسی استحصال اور حکومت کی ناکامی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف وفاقی حکومت بلکہ سندھ حکومت بھی عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔سائرہ بانو نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم ایک غیر آئینی پارلیمنٹ نے منظور کی، جس کو یہ اختیار ہی حاصل نہیں تھا۔ یہ آئینی اور جمہوری اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اسی طرح پیکا ایکٹ منظور کر کے عوام کی زبان بندی کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اور آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانا ناانصافی ہے جو کہ ایک غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر جمہوری اقدام ہے۔ اس ایکٹ کے ذریعے عوام کے بنیادی حقوق مجروح کر دیے گئے ہیں اور صحافیوں کی آزادی کو بھی سلب کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیکا ایکٹ کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ یہ نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہے۔ اس موقع پر سابق تعلقہ ناظم ڈاکٹر ہاشم خاصخیلی اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ وقار حسین جٹ بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈم سائرہ بانو نے سنجھورو میں جاری پیر صاحب پگاڑا کرکٹ ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیم میں انعامات تقسیم کیے۔
محرابپور،کھلی کچہری کا انعقاد
محراب پور(جسارت نیوز)نوشہرو فیروزاکاؤنٹس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد،صوبائی محتسب آفس کے ریجنل ڈائریکٹر خالد شیخ کے مطابق صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ اور اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی ہدایت پر بروز منگل 18فروری کوایک کھلی کچہری ہوگی جس میں ملازمین اور پشنرز کی ادائیگیوں میں تاخیر کے متعلق شکایات سنیں گے اور موقع پر مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ اس کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر نوشہرو فیروز او دیگر متعلقہ افسران بھی موجود ہوں گے۔