اوورسیز محنت و مشقت سے وطن کی خدمت کررہے ہیں، امیر جماعت اسلامی گجرات

131

جدہ: جماعت اسلامی گجرات کے امیر چودھری انصر محمود ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دنیا اور آخرت کے معاملات پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان بہت عظیم ملک ہے اس پہ کبھی بھی تنقید نہ کریں۔یہ دنیا کا ایک عظیم ملک ہے، اس میں مسائل ہیں لیکن یہ بھی دیکھیے کہ لاکھوں افراد ملک سے باہر روزی کمارہے ہیں۔

وہ جدہ میں اسکانکم کے محنت کشوں کی BEST EMPLOYEE OF THE YEAR 2024  کی تقریب  سے خطاب کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ورک فورس دنیا کی مانی ہوئی ورک فورس ہے اور ہمیشہ محنت و مشقت میں مصروف رہ کر اپنی اور وطن پاک کی خدمت کر رہے ہیں۔چوہدری انصر محمود نے ملک کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ مسائل ہر ملک میں ہوتے ہیں  مگر ہر شخص پہلے اپنی تصحیح کرے تو ہر چیز بہتر ہوجائے گی۔آنیوالا کل پاکستان کا ہے۔ پاکستان باوقار ہوگا ہم پُر امیدہیں۔

چودھری انصر محمود کا مزید کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت، کوئی ادارہ کوئی بھی ملک کو بہتر نہیں کرسکتا جب تک ہم اپنے آپ کو بہتر کرنے کی کوشش نہیں کرینگے، مسائل کہاں نہیں ہوتے لیکن ہمیں اپنا احتساب خود کرناہوگا، اپنے لیے وقت نکالیں، خود کو اپ گریڈ کیجئے زمانے کے عین مطابق، نئی نئی ٹیکنالوجی دن بدن سامنے آرہی ہے ہمیں اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے سامنے بڑی بڑی عالمی کمپنیوں کی مثالیں ہیں جنہوں نے دنیا میں نام کمایا،لیکن اپ ڈیٹ نہ کرنے کے نتیجے میں بند ہوگئیں۔بینک کرپٹ ہوکر گمنام ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جن ورکرز کو سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ اور سند ملے ہیں وہ قابل مبارکباد ہیں، لیکن یاد رکھیں کہ محنت کا پھل دنیا میں  ملتا ہے لیکن اللہ کے ہاں اس سے بھی زیادہ ملتا ہے۔

پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر  چودھری شفقت محمود نے ادارے کی سالانہ کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سال  پاکستان میں زیادہ زرمبادلہ بینک کے ذریعے بھیجنے والے کارکنوں کو بھی خصوصی تعریفی سند و ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔یہ بہت بڑا جذبہ حب الوطنی ہے، ان میں آفتاب احمد اور محسن علی شامل ہیں، تیسری بار ایوارڈ لینے والے سینئر رکن عمران یونس اور پہلی بار مصری رکن احمد ابوجبل کو ایوارڈ پیش کیے گئے۔

قونصل جنرل خالدمجید، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر سعدیہ خان ،  شفقت محمود ،شرجیل مختار نےمختلف پروجیکٹس کے  کارکنان کامران احمد، الیاس میاں، گیان بہادر، شیراز احمد،عرفان احمد، عامر گوندل،  محمد ثاقب، عادل مختار، (پاکستان آفس سے) سلمان خادم، محمد عثمان،محمد اشرف العرابی، انجینئر کامران گلریز، بلال طارق، عبدالمتین قاری 2024کا ایوَرڈ پیش کیا۔