میرپورخاص(نمائندہ جسارت)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نیشنل ڈائریکٹر سابق بریگیڈئر عبدالجبار بٹ نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی کفالت کرنا ایک اسلامی فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن افسوس آج الخدمت فاؤنڈیشن یہ ذمہ داری پوری کر رہی ہے کیونکہ یتیم بچوں کی کفالت جنت کا حصول بھی ہے اور نبی صلیﷺکی رفاقت بھی وہ الخدمت فاؤنڈیشن میرپور خاص کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لیے منعقدہ ڈونر کانفرنس کے سلسلے میں چیرٹی ڈنر کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی میرپور خاص حافظ سلمان خالد امیر شہر شکیل احمد فہیم صدر الخدمت ضلع میرپورخاص عرفان الحق قریشی سابق ڈائریکٹر کالجز غلام رسول مہر حاجی نور الٰہی مغل طلال خان و نعیم الدین عمر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں 28 مقامات پر یتیم بچوں کی کفالت کا حکم دیا ہے جبکہ یتیم کی کفالت کو نبی اکرم ﷺنے جنت کا حصول قرار دیا اور دو انگلیوں کو جوڑ کر فرمایا کہ یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں میرے ساتھ اس طرح ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم نبیﷺ کے لیے ایک خاص جذبات رکھتے ہیں اور یہ ہماری خوش قسمتی ہوگی کہ ہمیں ان کی رفاقت حاصل ہو اس لیے آئیے اور دست تعاون بڑھائیے اور یتیم بچوں کی کفالت کا ذمہ لیجئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 321 یتیم بچے الخدمت میر پور خاص کے زیر کفالت ہیں جبکہ 32 ہزار یتیم بچوں کی الخدمت ملک بھر میں کفالت کر رہی ہے جنہیں بہترین تعلیم و تربیت اور صحت کی سہولیات حاصل ہونے کے ساتھ انکی کردار سازی بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص تعلیم صحت صاف پانی موبائل ڈسپنسری قربانی پروجیکٹ سمیت 7 مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہے جس میں کروڑوں روپے سالانہ اخراجات آتے ہیں اور یہ کار خیر کا کام مخیر و صاحب ثروت افراد کے عطیات اور زکوٰۃ کے ذریعے سے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت میر پورخاص کی جانب سے ایک کروڑ روپے فلسطین اور غزہ کے متاثرین کیلیے عطیہ کیے گئے۔