لاہو ر (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطا الرحمن نے جامع مسجد منصورہ میں کارکنوں سے
خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منبر ومحراب کے وارثان علما حق ہی ملت اسلامیہ پاکستان کے ترجمان ہیں، مساجد ومدارس خانقاہوں سے علما و مشائخ پاکستان میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے کلمہ حق بلند کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قوم نے حکمرانوں کو دیکھ اور پرکھ لیا کہ جنھوں نے طاغوتی قوتوں کی غلامی اختیار کرکے ملک و قوم کو رسوائی، مہنگائی اور بیروزگاری دی ہے ۔وقت آگیا کہ عوام متحد ہو کر مغربی آقاؤں کے ایجنٹوںسے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور اس میں درس و تدریس کے حامل علما و طلبہ پاکستان کے اسلامی نظریاتی تشخص کے علمبردار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں خوش قسمت ملک ہے کہ جس کی کل آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہیں، ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ دنیاوی و عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی، سائنسی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم کے علوم سیکھیں تاکہ انھیں روزگار ملے اور پاکستان معاشی طور پر مستحکم بھی ہو۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر طرح کی معدنیات کی نعمتوں سے نوازا ہے، آج اگر ملک و قوم کو صالح حکمران میسر آجائیں تو عوام کے نصیب جاگ جائیں گے۔ جماعت اسلامی ملک میں عدل و انصاف، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے میدان عمل میں جہدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔