صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اب دفاعی پوزیشن میں آ چکا ہے اور عالمی سطح پر اسے ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر شناخت کیا جا رہا ہے۔
بریڈ فورڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنماؤں کے قتل نے نریندر مودی کی حکومت کی بربریت کو بے نقاب کر دیا ہے، جس کے باعث بھارت کا سیکولر اور جمہوری چہرہ مسخ ہو کر رہ گیا ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آج یہ بات دنیا کے سامنے آ چکی ہے کہ نظریہ پاکستان صرف ایک وقتی ضرورت نہیں تھا بلکہ یہ ایک حقیقی نظریہ تھا، کیونکہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کے وجود کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کی انتہا پسندی کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔