برازیل کے شہر میناس گیریس میں ہونے والی نیلامی میں نیلور گائے نے 40 بھارتی کروڑ روپے (1 ارب 28 کروڑ 87 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہو کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
مذکورہ نیلور گائے نے مہنگی ترین مویشی ہونے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے، مبینہ طور پر 53 ماہ کی ویاتینا نامی گائے کا وزن تقریبا 1,101 کلوگرام ہے، جو اسی نسل کی دیگر گایوں کے اوسط وزن سے کہیں زیادہ ہے۔
ویاتینا اپنی خوبصورت سفید کھال، ڈھیلی جلد اور کندھوں پر نمایاں کوبڑ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، نیلامی میں لائی گئی نیلور گائے کو مقامی طور پر ویاتینا 19 ایف آئی وی مارا اموویز کہا جاتا ہے۔
عالمی ریکارڈ کے علاوہ، ویاتینا نے ٹیکساس میں ہونے والے ’چیمپئن آف دی ورلڈ‘ مقابلے میں مس ساؤتھ امریکا کا ٹائٹل بھی جیتا، جو مویشیوں کے لیے مس یونیورس کے مقابلے کے مترادف ہے۔
ویاتینا کی غیر معمولی پٹھوں کی ساخت اور نادر جینیاتی نسب نے اس کی عالمی شہرت اور ریکارڈ کو ممکن بنایا۔