ٹرمپ کا غزہ پرقبضے کا بیان مضحکہ خیز ہے ،پروفیسرمحبوب

83

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے کہاہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا غاصب اسرائیلی صدر کے ساتھ مل کر غزہ پر قبضہ کرنے کا بیان مضحکہ خیز، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور مسلم دشمنی کا کھلا ثبوت ہے ، غزہ میں صہیونی افواج کی جانب سے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا گیا ہے،غزہ کے 27لاکھ فلسطینیوں کوجارحیت ،نسل کشی اور طاقت کے بل بوتے پر اپنی سر زمین سے نکالنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوںگی، مسلم دنیا کے نام نہاد حکمران اگر غزہ پر مسلط سواسال کی جنگ میں مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی تو آج ٹرمپ کی طرف سے غزہ کے عوام کو فرعونیت سے بھری ہوئی دھمکی آمیز بیانات اور صفحہ ہستی سے مٹانے کے بیانات سننے کو نہ ملتے۔انہوں نے کہاکہ ایک سال سے زاید عرصے تک حماس نے دنیا کی سب سے بڑی جدید اسلحے سے لیس اسرائیلی فوج اور امریکی سہولت کاری کے باوجود غزہ کا دفاع کیا،اسرائیل اور امریکا اپنی شکست کو چھپانے کے لیے ایک بار پھر غزہ کو جہنم میں تبدیل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن افسوس کہ پوری مسلم دنیا اور نام نہاد مسلم حکمران ایک بار پھر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،غزہ پر کھلے عام قبضہ کرنے ا ور فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے نکالنے کے بیانات نام نہاد عالمی طاقت کے چہرے سے انسانیت کا نقاب اتاردیا ہے،نیتن یاہو اور ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر منطقی بیانات عالمی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی اور مشرق وسطیٰ کو ایک بار پھر خونی جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ اسلام دشمن قوتیں اپنے ناجائز اور شیطانی حربوں میں ناکام ونامراد ہوگی۔