لاہور:امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا شوق پورا کرنے کے لیے اسرائیل جیسی ناپاک ریاست کو نیو یارک یا واشنگٹن کے اردگرد بسائیں، اسرائیل نے جو کچھ بھی فلسطین میں کیا ہے اس کے پیچھے امریکا ہے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی بچوں کو بھی اسنائپرز سے قتل کیا،دنیا کے سب سے بڑے مسئلے فلسطین پر امریکی صدر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حماس نے تن تنہادنیا کے بڑے دہشت گرد وں اسرائیل اور امریکا کے سامنے مزاحمت کی، صیہونی فورسز کی دہشت گردی میں جو نقصان فلسطین کا ہوا ہے تاوان کی صورت میں امریکا اور اسرائیل کو ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ افسوس ہمارا حکمران طبقہ معیشت کی بات کر کے ملکی وقار کو بھی مدِ نظر نہیں رکھتا،وفاق اور پنجاب کے حکمران اشتہاروں میں کہتے نظر آتے ہیں مہنگائی کم ہوئی ہے، مہنگائی کہاں کم ہوئی ہے چینی 120 سے 160 روپے کلو ہو گئی ہے، گندم کا بحران ہے گندم کی قیمت کا اعلان نہیں ہوا۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کم نہیں ہوتی، ہمارا مطالبہ ہے فوری طور پر بجلی کی قیمت کم کریں، آئی ایم ایف کیا کر لے گا، تنخواہ داروں کے ٹیکسز میں کمی نہیں کر رہے، یہ جھوٹے اعداد و شمار دیتے ہیں۔