کراچی:ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سرکاری ذخائر 11 ارب 16 کروڑ ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق 7 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ان کی مجموعی مالیت 11 ارب 16 کروڑ 66 لاکھ ڈالر رہ گئی۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہیں۔ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 7 فروری تک 15 ارب 86 کروڑ 26 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ کمی ممکنہ طور پر قرضوں کی ادائیگی، درآمدی اخراجات اور دیگر مالیاتی عوامل کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم اسٹیٹ بینک نے اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔