کراچی:نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی درخواست منظور کرتے ہوئے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 1.23 روپے سستی کرنے کی اجازت دے دی۔
یہ ریلیف ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں دیا گیا ہے، جس کا اطلاق فروری 2025 کے بلوں میں ہوگا۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق نومبر 2024 کے ایف سی اے کی بنیاد پر کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر 1.77 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں یہ کمی عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی اور جنریشن مکس میں تبدیلی کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ایف سی اے کا تعین بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اس کی مقدار پر منحصر ہوتا ہے۔ نیپرا اس عمل کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد صارفین کے بلوں میں اس کا اطلاق کرتی ہے تاکہ صارفین کو ایندھن کی قیمت میں ہونے والی کمی کا فائدہ مل سکے۔
یہ کمی صرف ایک ماہ کے لیے ہوگی اور صارفین کو فروری کے بلوں میں اس کا اثر نظر آئے گا۔