میرے سامنے بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی کوئی بات نہیں کی: شہریار آفریدی

156

پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ کل میرے سامنے بانئ ہاکستان تخریک انصاف عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی کوئی بات نہیں کی۔

پشاور ہائیکورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا کہ جیلوں میں پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، پنجاب میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے لیے کھڑے رہیں گے، قانون کی بالادستی کے لیے ہم سب نے ایک ہونا ہے،خیبرپختونخوا میں ضم کیے گئے اضلاع کے ساتھ ریاست نے وعدے پورے نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کی پی ٹی آئی کے لیے خدمات ہیں، بانی پی ٹی آئی رحم دل انسان ہیں، شیر افضل کے لیے عمران خان سے بات کریں گے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت کی سیاست ختم ہو گئی ہے، وفاق نے کوہاٹ کے فنڈز روکے ہوئے ہی، جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا جارہا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر کو جو ہوا پوری قوم نے دیکھا، پاکستان میں پلے بڑھے افغانی پاکستان کے وفادار ہیں، بانی پی ٹی آئی نے قانون کی بالادستی کی بات کی۔