تانبے اور سونے کے کان کنی کے پورٹ فولیو میں توسیع ہوئی

87

کراچی(کامرس رپورٹر)ماری انرجیز کی ذیلی کمپنی ماری منرلز سابقہ ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ— نے چاغی میں معدنی تلاش کے لائسنس میں 87.5 فیصد حصہ حاصل کرلیا ہے جس سے اس کے تانبے اور سونے کے کان کنی کے پورٹ فولیو میں توسیع ہوئی ہے۔ماری انرجیز نے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔کمپنی نے کہا کہ ماری منرلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (سابقہ ماری مائننگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ)، جو ماری انرجیز لمیٹڈ (سابقہ ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ) کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے نے سنجرانی مائننگ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ایس ایم سی) کے ساتھ ایک حتمی معاہدہ کرلیا ہے جو ضروری منظوریوں سے مشروط ہے، تاکہ 87.5 فیصد حصہ اور آپریٹرشپ حاصل کی جاسکے۔ یہ معاہدہ 40 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط متعدد معدنی تلاش کے لائسنسوں پر مشتمل ہے۔ماری انرجیز نے بتایا کہ یہ لائسنس بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ہیں۔کمپنی نے مزید بتایا کہ تمام ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنے اور متعلقہ ریگولیٹری و کارپوریٹ منظوریوں کے حصول کے بعد، تلاش کی سرگرمیوں کو انجام دینے کیلئے ایک نئی پروجیکٹ کمپنی قائم کی جائے گی۔