امریکی دھمکی پوری دُنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی بھونڈی سازش ہے، لیاقت بلوچ

115

لاہور: نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان اور سیکریٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ فلسطین پر ازسرِنو جنگ مسلط کرنے اور غزہ کی زمین ہڑپ کرنے کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی دھمکیاں نہ صرف مشرقِ وسطٰی بلکہ پوری دُنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی بھونڈی سازش ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ   امریکی صدر نے اپنے ابتدائی دِنوں میں ہی امریکی حواس باختگی اور انسانیت سے بدترین دشمنی اور تعصبات کی آگ بھڑکادی ہے، امریکی صدر کے پے در پے غیرقانونی، غیرجمہوری اور غیرانسانی اعلانات ساری دُنیا کو غیرمحفوظ بنارہے ہیں۔

انہوں نےمزید کہاکہ   امریکا خود اپنے خلاف گریٹ ورلڈ الائنس کے مواقع تیزتر کررہا ہے۔ ٹرمپ اور اُس کے اہم انویسٹر ایلون مسک کے جارحانہ نوسامراجیت نوسامراجیت کے مقابلہ میں متوازن نقطہ نظر کو عالمی رائے عامہ کے سامنے مسلسل اور مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کیا جائے، وگرنہ امریکی شدت پسندی کے سنگین نتائج پوری دُنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنے کا باعث بنیں گے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن کاکہنا تھاکہ  پاکستان اور ترکیہ کے عوام میں بے پناہ گہری محبتیں اور اعتماد کا رشتہ ہے۔ پاکستان، ترکیہ، ایران اور افغانستان کے درمیان مضبوط تعلقات خطہ میں امن کی کنجی ہے۔ عالمِ اسلام کا وسیع اور مضبوط اتحاد اُمتِ مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کا واحد پائیدار راستہ ہے۔