نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت) عالمی ماحولیاتی چیلنجز اور مٹیریل سائنس کے کردار پر ایک بین الاقوامی ورکشاپ شہید بینظیر بھٹو شہید بینظیر آباد میں کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کی۔ اس ورکشاپ میں دنیا کے نامور ماہرین نے شرکت کی، جنہوں نے ماحولیاتی مسائل کا سامنا کرنے کے لیے سائنس کی ترقی کے بارے میں گفتگو کی۔ ورکشاپ میں بین الاقوامی طور پر مشہور اسکالرز، سیلک یونیورسٹی کونیا (ترکی) کے پروفیسر ڈاکٹر حسین کارا، امریکہ کے پروفیسر ڈاکٹر نارمن فریلی، نے اپنے خیالات پیش کیے اور ترقی یافتہ ممالک میں مٹیریل سائنس کی ترقی اور کردار پر روشنی ڈالی، ساتھ ہی چیلنجز پر مبنی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، پروفیسر ڈاکٹر سید طفیل حسین شاہ نے بھی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے سائنسی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔