کراچی کے کاروباری حقوق پر حملہ برداشت نہیں ، فراز الرحمان

142

کراچی(کامرس رپورٹر)سابق صدر کاٹی، چیئرمین کراچی بزنس گلڈ اور بانی PBTF فراز الرحمان نے کہا ہے کہ فیس لیس اسسمنٹ سسٹم (FSA) کے نفاذ کے بعد ٹرانس شپمنٹ (TP) کنسائنمنٹس میں 50 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیاہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں دوہرے قوانین نافذ کئے جا رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں فرازالرحمان نے کہا کہ پنجاب کیلئے کاروباری مواقع میں اضافہ جبکہ کراچی کے کاروباری حقوق پر مسلسل وار کئے جارہے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ نومبر 2024 میں TP کنسائنمنٹ کا حجم 15,335 تھا جو جنوری 2025 میں بڑھ کر 23,187 ہو گیا۔ لاہور میں TP کنسائنمنٹس کی تعداد 8,867 سے بڑھ کر 13,512 تک پہنچ گئی جبکہ کراچی کیلئے ایسے مواقع محدود کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح اپر دیر، لوئر دیر، سوات اور پشاور میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔فراز الرحمان نے مزید کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ سندھ کی قیادت اس پر خاموش ہے جبکہ کراچی جو ملک کی معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کے کاروباری طبقے کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جا رہی ہے۔ ایک ہی ملک میں دو الگ الگ قوانین نہیں چل سکتے۔ اگر FSA اتنا ہی مؤثر ہے تو اس کے تمام پہلوؤں کو شفاف بنایا جائے اور اس کے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان تمام کلیئرنگ ایجنٹس کے لائسنس بحال کئے جائیں جنہیں بلاجواز معطل کیا گیا ہے۔