کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طالبات جامعہ کراچی کی ناظمہ سیدہ نافعہ فاطمہ نے کہا ہے کہ نئے عزم حوصلے اور نئی امیدوں کے ساتھ سیشن کا آغاز کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کے دور کے چیلنجز میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی دعوت کو نت نئے خوب صورت انداز میں پیش کریں کہ لوگ اس کو باآسانی قبول کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ داعیان دین کیلیے 2 ہتھیار نا گزیر ہیں ایک تعلق باللہ اور دوسرا تعلق بالقرآن ہے۔ جتنا آپ کا اللہ پر توکل اور اس سے تعلق مضبوط ہوگا اتنا ہی آپ کیلیے دعوت کا کام کرنا آسان ہوگا۔ تعلق بالقرآن آپ کو حکمت کی نعمت سے نوازتا ہے جہاں کہیں مشکلات کا سامنا ہو وہاں ان دونوں تعلقات کو بڑھانے کی کوشش کی جائے۔ سیدہ نافعہ فاطمہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے میں رہتے ہوئے اپنے کردار و سیرت پر کام کرنا نہایت اہم ہے جتنا آپ کا کردار نکھرا ہوا ہوگا اتنا ہی دعوت کا کام کرنا آسان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت طالبات جامعہ کراچی کے کارکنان کی یہ خاصیت ہونی چاہیے کہ وہ لوگوں کے دل موہ لیں اگر آپ نے لوگوں کے دل جیتنا سیکھ لیے تو دعوت کا کام آپ کے لیے مشکل نہیں ہوگا۔