ٹریفک حادثات نہ تھم سکے،شہرمیں بچی سمیت مزید 4 جاں بحق

13

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) واٹر ٹینکر کی ٹکر ایک سے شہری اور حادثات میں لڑکے اور بچی سمیت 4 افراد جاںبحق ہوگئے ‘رواں سال اب تک ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی تفصیلات کے مطابق شہر قائدن میں دندناتے ڈمپر اور ٹینکر نے شہریوں کو نشانے پررکھ لیا ہے سڑکوں پرموت کا کھیل تھم نہ سکا۔منگھوپیر میں تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار32سالہ محمد دانیال ولد محمد افضال جاں بحق ہوگیا،حادثے کے بعد مشتعل افراد نے منگھوپیر کی سڑک بلاک کردی ۔ بقائی ٹول پلازہ چھوٹا گیٹ پرنا معلوم گاڑی کی ٹکر ، 14 سالہ لڑکا جابحق ہوگیا ۔ ماڑی پور تھانے کی حدود ہاکس بے منوڑہ روڈ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں اکر 6سالہ بچی مدیحہ دختر گل رحمن جاں بحق ہوگئی ،نیشنل ہائی وے سسی ٹول پلازہ کے قریب ٹرالر نے رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 43سالہ ادریس ولد محمد نامی شخص جاں بحق ہوگیا ۔علاوہ ازیںچیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی قومی شاہراہوں پر ٹریفک مینجمنٹ اور بڑھتے ہوئے حادثات کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی موٹروے پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات، سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز، ڈی جی ریسکیو 1122، اور تمام ڈویڑنل کمشنرز نے شرکت کی، جہاں سندھ میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں بتایا کہ سندھ میں 821 کلومیٹر شاہراہیں این ایچ اے کے زیر انتظام ہیں، جن کی بہتر نگرانی اور مرمت کے لیے مزید اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر سندھ میں موٹروے پولیس کی نفری میں اضافہ کریں گے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے مزید ہدایت دی کہ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کو آئندہ تین ماہ کے اندر ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ نظام کو شفاف بنایا جا سکے اور ایجنٹ مافیا کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔