اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی

59

کراچی(کامرس رپورٹر)ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری ،اْئی ایم ایف کے اگلے جائزہ اجلاس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کا امکان اور کم قیمت حصص کی خریداری بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای 100انڈیکس1ہزار پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 1لاکھ11ہزار کی نفسیاتی حد پر بحا ہو گئی اور انڈیکس 1لاکھ11ہزار300پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔مارکیٹ کے سرمائے میں 123ارب روپے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم13773ارب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ46.15فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو کاروبار کے دوران تیزی کا رجحان دیکھا۔پاور جنریشن، او ایم سیز، فرٹیلائزر اور آٹوموبائل اسمبلرز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ آئی این ڈی یو، ایچ بی ایل، ای ایف ای آر ٹی، پی ایس او، شیل، این آر ایل، پی آر ایل اور حبکو کے حصص مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔ماہرین کے مطابق بہت سے اسٹاک پرکشش سطح پر پہنچ گئے ہیں اور ان سطحوں پر کچھ تازہ خریداری ہوسکتی ہے. اس کے باوجود، قریبی عرصے میں مارکیٹ کم لیکویڈیٹی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھ سکتی ہے۔جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈکا اگلا جائزہ ایک اہم سنگ میل ہے اور اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزیدبحال ہوسکتا ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 1055 پوائنٹس کاا ضافہ ہوا جس سے انڈیکس 1لاکھ10 ہزار322 پوائنٹس سے بڑھ کر 1لاکھ11 ہزار377 پوائنٹس پر بند ہوا اس طرح 386پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس34 ہزار797پوائنٹس ہو گیا۔