بھارت :کمبھ میلے کے باعث 300 کلو میٹر تک ٹریفک جام

49
بھارت: کمبھ میلے کی طرف جانے والے شاستری پل پر ٹریفک جام کا منظر

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ہونے والے کمبھ کے میلے کے باعث 300 کلومیٹر طویل بدترین ٹریفک جام میں ہزاروں یاتری پھنس گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کمبھ کے میلے میں شرکت کے خواہش مند ہزاروں افراد 300 کلو میٹر طویل ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئے اور اس دوران بہت سی گاڑیوں کا فیول بھی ختم ہوگیا۔ریاست مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں پولیس نے ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج (سابقہ الہٰ آباد) جانے والے راستے پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پریاگ راج کی طرف جانا ناممکن ہے کیوں کہ وہاں 200 سے 300 کلومیٹر طویل ٹریفک جام ہے، جس کے باعث راستہ بالکل بند ہے۔ٹریفک جام ہفتے کے آخر میں رش کے باعث ہوا تھا،تاہم چند روز میں صورتِ حال معمول پر آجائے گی۔ٹریفک میں پھنسے ایک شخص کا کہنا تھا کہ گاڑیاں 48 گھنٹوں سے پھنسی ہوئی ہیں اور صرف 50 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں تقریباً 10سے 12 گھنٹے لگ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وارانسی، لکھنؤ اور کانپور سے پریاگ راج جانے والے راستوں پر بھی 25 کلومیٹر تک ٹریفک جام رہا۔ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لیے پریاگ راج سنگم ریلوے اسٹیشن کو بھی بند کر دیا گیاہے۔