سڈنی:ایک گھر میں 100 سے زائد زہریلے سانپ

101

سڈنی: آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں ڈیوڈ اسٹین نامی شہری نے اپنے گھر کےعقب میں 6 سیاہ سانپ دیکھے، انسانی زندگی کے لیے خطرناک ان سانپوں کو دیکھ کر اسٹین اور ان کے اہل خانہ خوفزدہ ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق  ڈیوڈ کی اہلیہ نے اتنے سارے سانپوں کو دیکھ کر فوری طور پر  گوگل پر سرچ  کیا تو معلوم ہوا کہ اتنی بڑی تعداد میں سانپ اس وقت جمع ہوتے ہیں جب وہ انڈے دینے والے ہوتے ہیں۔

جس کے بعد آسٹریلیا کے  اسٹین نامی شہری  نے سانپ پکڑنے والے ماہر ڈیلن کوپر سے رابطہ کیا، ڈیلن اور ان کی ٹیم نے گھر پہنچ کر معائنہ کیا اور تین گھنٹے کی محنت کے بعد 102 سیاہ سانپوں کو پکڑ لیا، جن میں پانچ بالغ سانپ شامل تھے، جن میں سے چار انڈے دے رہے تھے اور ان کے ساتھ درجنوں سانپ کے بچے بھی موجود تھے۔

اس واقعے نے مقامی کمیونٹی کو چونکا دیا اور سانپوں کی موجودگی کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت کو اجاگر کیا، ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں اور باغات کی صفائی رکھیں اور سانپوں کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر ماہرین سے رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ  یہ سانپ ریڈ بیلیڈ بلیک اسنیکس (Red-bellied Black Snakes) تھے، جو آسٹریلیا کی زہریلی سانپوں کی اقسام میں سے ہیں، مادہ سانپ عموماً اجتماعی طور پر بچوں کو جنم دیتی ہیں، لیکن ایک ہی وقت میں اتنے زیادہ سانپوں کی پیدائش کا منظر انتہائی غیر معمولی تھا۔